پاکستان تحریک انصاف حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے آمادہ ہوگئی ہے۔پی ٹی آئی نے حکومت کیساتھ مذاکرات کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ لیکن دونوں اطراف مذاکرات کو شروع کرنے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ حکومت اور تحریک انصاف دونوں ایک دوسرے پر مذاکرات کے حوالے سے غیر سنجیدگی کا الزام عائد کررہی ہین۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ پی ٹی آئی نے اگر مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے تو حکومت کو باقاعدہ پیغام دے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے سول نافرمانی کی تلوار لٹکائی ہوئی ہے۔ گن پوائنٹ پر مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اگر تحریک انصاف کے مطالبات پر کھل کر بات کرے تو بات آگے بڑھ سکتی ہے۔
ادھر سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماوں کی درخواست پر سول نافرمانی کی تحریک کچھ دن کیلئے موخر کردی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ پارٹی رہنماوں نے عمران خان سے درخواست کی کہ سول نافرمانی کی کال کچھ دن موخر کردیں۔ جس پر بانی چیئرمین عمران خان مان گئے۔ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو وہ اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات زر وطن نہ بھیجنے کی اپیل کریں گے۔
Source: Supplied / Asghar Hayat
وکلا صفائی سلمان صفدر، عثمان ریاض گل اور چوہدری ظہیر عباس عدالت میں موجود تھے۔ پراسیکیوشن کے دلائل میں کہا گیا کہ 190ملین پاونڈ ریفرنس میں کابینہ کا اجلاس ہونے سے قبل رقم پاکستان منتقل کی جاچکی تھی ۔ منگل کے روز کیس کی سماعت پانچ گھنٹے تک جاری رہی۔ کیس میں آج وکلا صفائی حتمی دلائل دیں گے۔
ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان کے چھ اور بشرہ بی بی کے ایک مقدمے میں ضمانتون میں توسیع کردی ہے۔ سینئر وکلا اڈیالہ جیل میں پیشی کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔ عدالت نے عمران خان اور بشرہ بی بی کی ضمانت میں سات جنوری تک کی توسیع کردی ۔
ادھر سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے طلب کرلیا۔ دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلی علی مین گنڈا پور کو راہداری اور حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے تمام مقدمات میں 16 جنوری تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد نے علی امین گنڈا پور کی درخواستوں پر سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف اسلام آباد میں 32 اور پنجاب میں 33 مقدمات درج ہیں۔
ڈی چوک پر احتاج کے معاملے پر تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے 5 مقدمات میں عبوری ضمانت حاصل کرلی۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض زرتاج گل کی ضمانت منظور کرلی۔
Source: Supplied / Asghar Hayat
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی باتوں کے سامنے سرتسلیم خم کرتے ہیں۔ صدر اگر کوئی بل واپس بھجوائیں تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر اس پر غور کیا جاتا ہے۔ وفاق المدارس نے مدارس بل کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کیخلاف ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ منگل کے روز ایم کیو ایم پاکستان کا وفد بھی مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پہنچا۔ چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وفد نے مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مدارس رجسٹریشن بل سمیت اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
(رپورٹ: اصغرحیات)
________________________________________________________________
- یا ڈیوائیسز پر انسٹال کیجئے
- پوڈکاسٹ کو سننے کے لئے نیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے: