دفتر امور داخلہ کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ آسٹریلوی حکومت نے بڑی تعداد میں غزہ کے جنگ زدہ باسیوں کی جانب سے پناہ کے لیے جمع کروائی گئی ویزہ درخواستوں کو رد کیا ہے۔
حماس کی جانب سے اسرائیل پر7 اکتوبر کے حملے کے بعد سے، آسٹریلوی حکومت نے 12 اگست تک فلسطینیوں کی 7,111 ویزا درخواستیں مسترد کی ہیں اور 2,922 کو منظور کیا ہے۔ منظور شدہ ویزوں کے حامل افراد میں سے تقریباً 1,300 آسٹریلیا میں آکر آباد ہو چکے ہیں۔
ان میں سے زیادہ تر کو تنازع کی تازہ ترین شدت میں ابتدائی طور پر ویزہ دیا گیا تھا۔ دفتر امور داخلہ نے 27 مئی سے اب تک 236 ویزے جاری کیے ہیں اور 2,467 درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔
اسی طرح اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی شہریوں کو 8,746 ویزے دیے گئے ہیں جب کہ اسی عرصے کے دوران محض 235 ویزا درخواستیں مسترد کی گئیں۔
امیگریشن اور داخلہ امور کے وزیر ٹونی برک نے بدھ کے روز سوالیہ وقت میں تازہ ترین اعداد و شمار کا انکشاف کیا جب انہیں اس سوال کا سامنا کرنا پڑا کہ آیا درخواست دہندگان کی دہشت گرد تنظیم حماس کے ساتھ وابستگی کی جانچ کی جا رہی ہے یا نہیں؟
Home Affairs Minister Tony Burke has defended the process for approving visas into Australia. Source: AAP / Lukas Coch
یہ جانچ پڑتال اپوزیشن کے رہنما پیٹر ڈٹن کے تبصروں کے بعد کی گئی ہے، جنہوں نے یہ کہتے ہوئے تنقید کی تھی کہ جنگ زدہ غزہ سے نکلنے والے لوگوں کو آسٹریلیا میں داخل نہیں ہونا چاہیے کیونکہ وہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
جمعرات کی صبح اپنے بیان میں ڈٹن نے 2017 میں شامی پناہ گزینوں کے لیے اتحادی حکومت کی ویزہ پالیسی میں چیک اور بیلنس کا ذکر کیا جب وہ وزیر داخلہ تھے۔ انہوں نے کہا، "ہم نے آمنے سامنے انٹرویوز کیے، ہم نے بائیو میٹرکس ٹیسٹ لیے، اور ہم نے اسے اپنے امریکی شراکت داروں کے ساتھ چیک کیا۔"
آسٹریلوی حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا: "حکومت نے ایسا میں سے کچھ نہیں کیا، اور مجھے یقین ہے کہ ان لوگوں کی اکثریت صرف بے گناہ لوگوں کی ہے جو جنگ کے علاقے سے بھاگ رہے ہیں لیکن ہمارے ملک کا بہترین مفاد اس وقت ہوگا جب ہمیں معلوم ہو کہ یہاں کون آرہا ہے۔"
اپنے اگلے انٹرویو میں وہ مزید سخت موقف لے کر آئے اور غزہ کے تنازعے کے حل ہونے تک ویزوں پر مکمل پابندی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کینبرا میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ "ہمیں غزہ سے لوگوں کو لانے کی صورت حال پر اس وقت تک عارضی پابندی لگا دی جانی چاہیے جب تک کہ مناسب لائحہ عمل نہیں ترتیب دیا جاتا، جب تک کہ جنگ ختم نہ ہو جائے، تنازعہ ختم نہ ہو جائے اور لوگوں کی صحیح طریقے سے جانچ پڑتال کی جا سکے۔"
وزیر برک نے بدھ کے روز پارلیمان میں سوالات کے وقت میں ASIO کے ذریعہ اسکریننگ کے عمل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہر درخواست دہندہ کو ایک واچ لسٹ کے مطابق چیک کیا جاتا ہے جسے ہر 24 گھنٹے بعد اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
"یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں ASIO شامل ہے، جس کا اطلاق ہر ایک ویزا پر ہوتا ہے … چاہے آپ امریکہ سے آئے ہوں یا غزہ کی پٹی سے آئے ہوں۔"